تازہ ترین
افغانستان :کابل میں خودکش حملہ ،3افراد ہلاک،15زخمی
  1  مئی‬‮  2020     |     دہشت گردی
افغان صوبے کابل میں بدھ کوخود کش حملے میں 3افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ۔ افغان وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی کہ خود کش بمبار نے کابل کے ضلع چھار آسیاب کے علاقے ریشخور میں شہریوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑایا۔ فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ،زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر افغانستان کے آزاد انسانی حقوق کمشن نے اپنی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ افغان صوبہ غزنی، خوست اور پکتیا میں طالبان کے 20 اور 21 اپریل کو ہونیوالے بارودی سرنگوں اور سڑک کنارے نصب بم دھماکوں میں 9 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوئے تھے، یہ انسانیت سوز حملے جنگی جرائم کی علامت اور بین الاقوامی انسانی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ادھر افغانستان کے صدارتی ہائوس (ارگ) کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف اور افغان رہنما اشرف غنی کے مابین ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں کرونا وائرس اور ایران میں موجود افغان مہاجرین کے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیااور افغانستان میں تمام گروہوں کی شرکت سے قیام امن کے لئے ایران کی حمایت کا اعلان کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح عبداللہ عبداللہ سے ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں افغانستان میں امن اور فوری جنگ بندی کے لئے علاقائی ممالک کے ساتھ ہم آہنگی کی ضرورت پر گفتگو کی۔

 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں