تازہ ترین
تنازع مقبوضہ کشمیر: چین کی سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کو حمایت کی یقین دہانی
  10  اگست‬‮  2019     |     پاک دفاع
پاکستان مظلوم کشمیریوں کی آواز بن گیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں چینی ہم منصب سے اہم ملاقات کی جس میں انھیں بھارتی بربریت سے آگاہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر اہم سفارتی مشن پر چین پہنچ گئے ہیں۔سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام اس اہم دورہ میں وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چینی قیادت کو مقبوضہ جموں وکشمیر سے متعلق بھارت کے غیر آئینی اقدامات اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بیجنگ میں سٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کافی دیر تک تالیوں کی گونج میں پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگتے رہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور گلے ملے۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے مابین تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان مسئلہ کشمیر اور بھارتی اقدام سے خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر اہم ملاقات ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو بھارتی بربریت سے آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چین مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کرے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں کشیدہ صورت حال پر چینی حکومت کو پاکستان کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود بیجنگ میں موجود ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ہنگامی دورے میں چینی ہم منصب سے ملاقات کے لیے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے تو ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے بھارت کے غیر آئینی اقدامات پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ چین نے آج ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا بااعتماد دوست ہے: وزیر خارجہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی اقدام کے خلاف سیکیورٹی کونسل جانے کا فیصلہ کیا ہے اور چین پاکستان کی مکمل حمایت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون رکھے گا، چین اور پاکستان کی وزارتیں اور مشنز آپس میں روابط جاری رکھیں گے۔ شاہ محمود قریشی کے مطابق چین نے آج ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، چین سے دوستی آج بھی لازوال ہے، اس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیرخارجہ نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید کی ہے اور اتفاق کیا کہ بھارتی اقدام یکطرفہ ہیں، ان اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے اسٹیٹس اور ہیئت میں تبدیلی واقع ہوئی ہے، انہوں نے اتفاق کیا کہ ان بھارتی اقدامات سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ نے اتفاق کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع مسئلہ تھا اور ہے، مسئلہ کشمیر کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے، چین مسئلے کا پر امن حل چاہتا ہے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو جبکہ چینی حکام کو بتایا کہ بھارت پلوامہ جیسی حرکت دوبارہ کرسکتا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'پاکستان کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر تعاون جاری رکھیں گے'۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ وانگ ژی نے کہا کہ 'چین کو کشمیر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے اور یک طرفہ اقدامات سے صورت حال مزید خراب ہوگی اور ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہیں'۔ مزید کہا گیا ہے کہ 'وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں چین کے دوست ہمسایہ اور اہم ترقی پذیر ممالک ہیں جو ترقی کے اہم موڈ پر ہیں اور دونوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قومی ترقی اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے یک طرفہ اقدامات سے گریز کرتے ہوئے تاریخی اختلافات کو ختم کریں'۔

 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں

رابطہ کریں
   
(92) 51 2873311-12
   
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ دفاع ٹائمز محفوظ ہیں۔
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ دفاع ٹائمز محفوظ ہیں۔