تازہ ترین
ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول تعیناتی کے ضمن میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر کا بحرین کی بندرگاہ میناسلمان کا دورہ
  3  جون‬‮  2019     |     نیوی
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبرنے AL -43ہیلی کاپٹر کے ساتھ بحرین کی بندرگاہ میناسلمان کا دورہ کیا۔ یہ جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے ضمن میں شمالی بحیرہ عرب میں تعینات ہے اور جہاز کثیر القومی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150- (CTF-150)کے زیرنگرانی بھی آپریشنز سرانجام دے رہا ہے جس کی کمانڈ اس وقت پاکستان نیوی کے پاس ہے ۔پی این ایس خیبر کی تعیناتی کا بنیادی مقصد شمالی بحیرہ عرب کے پانیوں کو عالمی تجارت کیلئے محفوظ اور پُرامن بنانا ہے۔ بحرین کی بندرگاہ آمد پررائل بحرین نیول فورسزکے اعلی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پر تپاک استقبال کیا۔ پورٹ مینا سلمان قیام کے دوران، کمانڈنگ آفیسر پی این ایس خیبر نے کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈ بریگیڈئیر الاسیادی اور ڈپٹی کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز کموڈور صلاح محمد جاسم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ ملاقاتوں کے دوران، کمانڈنگ آفیسر پی این ایس خیبر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بحرین کی عوام کیلئے بالعموم اوربحرین نیوی کیلئے بالخصوص نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کا مظہر ہے۔ دورے کے دوران جہازپر ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کمانڈر یو ایس نیول فورسزسینٹرل کمانڈ، کمانڈر یو ایس ففتھ فلیٹ اور کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز، وائس ایڈمرل جیمز جے میلائے اور کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز رئیر ایڈمرل محمد یوسف ال عاصم ، نے ضیافت میں شرکت کی۔ضیافت میں ایک کثیر تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی جن میں چین ، جاپان، انڈونیشیا، ملا ئیشیا، یمن ،امریکی سفارت خانے کے نمائندے اور برطانیہ کے ڈیفنس اتاشی بھی شامل تھے۔ پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خطاب کے دوران، کمانڈنگ آفیسر پی این ایس خیبر نے حاضرین کو آگاہ کیاکہ پاک بحریہ حکومت پاکستان کی پالیسی کی روشنی میں 2004 سے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں تسلسل کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہی ہے پاکستان نے کثیر القومی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150- کی کمانڈگیارہ مرتبہ اور کمبائنڈ ٹاسک فورس 151- کی کمانڈ آٹھ مرتبہ کر چکی ہے ۔پاک بحریہ بین الاقوامی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مختلف النوع خطرات کے خلاف نمٹنے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ دورے کے اختتام پر پی این ایس خیبر نے شمالی بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا دوبارہ آغاز کردیا۔یہ جہاز کثیر القومی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150- (CTF-150)کے زیرنگرانی آپریشنز سرانجام دے گاجس کی کمانڈ اس وقت پاکستان نیوی کے پاس ہے۔ پاکستان اور بحرین مشترکہ مذہبی اور بھائی چارے کے تعلقات کے لازوال بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبرکا یہ دورہ پاک بحریہ اور رائل بحرین نیول فورسز کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گا۔

 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں

رابطہ کریں
   
(92) 51 2873311-12
   
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ دفاع ٹائمز محفوظ ہیں۔
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ دفاع ٹائمز محفوظ ہیں۔